Tuesday, April 30, 2024

شیخ رشیدکا کھڑاک‘ لال حویلی کے اردگرد راستے کھلنے لگے

شیخ رشیدکا کھڑاک‘ لال حویلی کے اردگرد راستے کھلنے لگے
September 3, 2016
راولپنڈی (92نیوز) شیخ رشیدکی دھمکی کام دکھاگئی۔ انتظامیہ نے پندرہ منٹ بعد ہی لال حویلی کے اطراف لگائے گئے کنٹینرز ہٹانے شروع کر دیے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہفتہ کو پاکستان کی سب سے بڑی ریلی راولپنڈی اور لاہور میں ہو گی۔ تمام اپوزیشن جماعتیں اس ریلی میں شرکت کریں گی۔ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ میں اگلی اسمبلی میں نہیں ہوں گا۔ وقت بتائے گا کہ میں نہیں ہوں گا یا ن لیگ نہیں ہو گی۔ انکا کہنا تھا کہ شہداءکا خون رنگ لائے گا۔ طاہر القادری اور عمران خان ایک ہو چکے ہیں‘ حکمران خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ساری اپوزیشن اکٹھی نہیں ہوگی ن لیگ سے چھٹکارہ نہیں ملے گا۔ شہباز شریف صاحب سے کہنا چاہتا ہوں کہ شہر کو بلاک کیا جا رہا ہے۔ سارے راولپنڈی کے ہوٹل بند کر دیے گئے ہیں۔ ن لیگ کے ہاتھ میں ہو تو پانی تک نہ ملے۔ ایسا نہ ہو کہ کل ہم اپنا فیصلہ بدل دیں۔ شیخ رشید نے بتایا کہ سہ پہر پانچ بجے لیاقت باغ سے ریلی نکلے گی جس میں پیپلز پارٹی کی قیادت بھی نظر آئے گی۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت کو شیخ رشید کے علاوہ کچھ نظر ہی نہیں آ رہا۔ ن لیگ سب کیسوں سے بچ جائے گی مگر ماڈل ٹاون واقعے سے نہیں بچ سکے گی۔ لاہور سے عمران خان اور راولپنڈی سے شیخ رشید اور طاہر القادری صاحب کی پارٹی کے رہنما قیادت کریں گے۔ ریلی میں کوئی گاڑی نہیں ہو گی سب پیدل ہونگے۔ رائیونڈ نہیں جاتی عمرہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ جس کی سپورٹ کرے گی وہ بھی ہار جائے گا۔