شاہین 2018 کے پہلے ہی امتحان میں شکست کھا گئے
ویلنگٹن ( 92 نیوز ) شاہین 2018 کے پہلے امتحان میں شکست کھا گئے ۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے کامیابی سمیٹ لی ۔ 316 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 166 رنز بنائے ۔ کین ولیمسن کا ڈراپ کیچ گرین شرٹس کو لے ڈوبا ۔
شاہین کیویز کے دیس پہنچتے ہی اڑان بھرنا بھول گئے ۔ قومی بلے بازوں کو ولنگٹن کی پچ راس نہ آئی ۔ بیٹسمین آتے رہے اور منہ دکھا کر جاتے رہے ۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے شکست دے دی ۔ کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر315 رنز جوڑے ۔
مارٹن گپٹل نے 48،کولن منرو نے نصف سنچری اسکور کی ۔ کپتان کین ولیمسن نےمحتاط انداز اپنایا ۔ اسٹار بلے باز نے 115 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔
روز ٹیلر 12، ٹام لاٹھم 3 ، ہنری نکولس50،مچل سانٹنر 7 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔ حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا ۔
ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی ۔ اوپنراظہر علی صرف 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔ نوجوان بلے باز بابر اعظم کا بلا بھی نہ چلا وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ۔
محمد حفیظ کا تجربہ بھی کسی کام نہ آیااور وہ ایک جبکہ آل راؤنڈ ر شعیب ملک 13 رنز پر میدان بدر ہوئے ۔
کپتان سرفراز احمد بھی دھوکا دے گئے اور 8 رنز پر چلتے بنے ۔
فخرزمان 82، فہیم اشرف 17 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔
کین ولیم سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔