Tuesday, April 30, 2024

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کا پاک بحریہ کے ڈاکیارڈ کا دورہ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کا پاک بحریہ کے ڈاکیارڈ کا دورہ
January 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے سربراہ ستارہ ایاز اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے پاک بحریہ کے ڈاکیارڈ ، ہیڈکوارٹر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ، کراچی شپ یارڈ اور ہاربر کا دورہ کیا۔ دورے کے شرکاء کو مینگرووز کے جنگلات ، آبی حیات اور پاکستان کی ساحلی پٹی کو آلودگی سے تحفظ کے لیے پاکستان بحریہ اور پی ایم ایس اے کی کوششوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ دورے کے شرکاء کو بتایا گیا کہ مینگرووز، ساحلی ماحول اور آبی حیات کی بقاء کے لیے ناگزیر ہیں جبکہ معاشی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث قدرت کے اس انمول تحفے کے بے دریغ استعمال سے تیزی سے اس کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ میری ٹائم سیکٹر کا ایک اہم رکن ہونے کے باعث اور آبی حیات کے لیے مینگرووز کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ نے 2016 سے مینگرووز جنگلات کے ارتقاء کے لیے ساحلی پٹی پر سالانہ بیس لاکھ مینگروز کی شجر کاری کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ ہماری ساحلی پٹی آلودگی سے پاک ہے مگر کراچی ساحل کے پانی میں مختلف زمینی اور سمندری ذرائع سے بھاری مقدار میں آلودگی شامل ہوتی ہے۔ آلودگی کی سب سے بڑی وجہ سیوریج ٹریٹمنٹ اور ڈسپوزل وسائل کی عدم دستیابی ہے۔ چئیر پرسن سینیٹر ستارہ ایاز نے آبی ماحول کے تحفظ جیسے قومی فریضے کی ادائیگی میں پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کراچی کے لیے ایک جامع ویسٹ مینیجمنٹ پلان اور ماحولیاتی تحفظ کے قواعد و ضوابط کو سختی سے نافذ کرنے پر زور دیا۔