Tuesday, April 30, 2024

سپریم کورٹ کا این اے 75 ڈسکہ میں ری پولنگ کرانے کا حکم

سپریم کورٹ کا این اے 75 ڈسکہ میں ری پولنگ کرانے کا حکم
April 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں ری پولنگ کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔تحریک انصاف کی اپیل مسترد کر دی گئی۔ عدالت نے حلقے میں ضمنی الیکشن سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ڈسکہ  دوبارہ انتخابات کے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل میاں عبدالرؤف نے دلائل میں کہا 13 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ معطل رہی، فائرنگ کے واقعات پورے حلقے میں ہوئے۔ جسٹس عمر عطابندیال نے وکیل سے کہا عدالت نے پولنگ اسٹیشنز کی گنتی نہیں کرنی،  صرف اُن دستاویزات پر انحصار کریں جن کی بنیاد پر کمیشن نے فیصلہ دیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل میاں عبدالرؤف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں منظم دھاندلی کا ذکر نہیں، کمیشن کا فیصلہ قانون کی خلاف ورزیوں پر تھا۔

عدالت نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف پی ٹی آئی امیدوار کی اپیل مسترد کر دی۔ دوبارہ انتخاب کرانے کا  الیکشن کمیشن کا حکم برقرار رکھا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی ائی رہنما علی اسجد ملہی کا کہنا تھا فیصلہ کے خلاف ری ویو کا آپشن ہے۔ اصل فیصلہ ڈسکہ کی عوام کرے گی۔

مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار کا کہنا تھا فیصلہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، یہ اُن ووٹرز کی جیت ہے جہنیں ووٹ دینے سے ڈرایا دھمکایا گیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا  تھا اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کا فیصلہ کیا تھا، جس کے خلاف پی ٹی آئی امیدوار نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔