Thursday, September 19, 2024

سٹیج ڈراموں کی ٹکٹوں پر اوور چارجنگ عروج پر پہنچ گئی

سٹیج ڈراموں کی ٹکٹوں پر اوور چارجنگ عروج پر پہنچ گئی
December 4, 2018
لاہور (92 نیوز) نئے پاکستان میں بھی سٹیج ڈراموں کی ٹکٹوں پر اوورچارجنگ عروج پر پہنچ گئی۔ کمرشل تھیٹرز ڈراموں میں ٹکٹیں پانچ ہزار سے لے کر ایک ہزار تک فروخت ہونے لگیں جبکہ الحمرا ، پلاک، کلچرل کمپلیکس تھیٹرز میں سرکاری ریٹ 120روپے تا 600تک جو پانچ سو سے دوہزار تک فروخت ہونے لگا ۔ گزشتہ ماہ ایکسائز انتظامیہ کی جانب سے لاہور کی تمام تھیٹرز انتظامیہ کو ٹکٹ ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس پر کسی نے بھی مکمل طور پر عملدرآمد نہ کیا جبکہ کچھ تھیٹرز انتظامیہ نے ڈرامہ ٹکٹ لسٹ کو نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بجائے علامتی بورڈ بنا رکھے ہیں جس کو کسی خاص موقع پر آویزاں کردیا جاتا ہے یا ایکسائز کے ڈر سے آویزاں کردیا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹیج ڈراموں کی تفریح بھی بہت زیادہ مہنگی ہو گئی ہے۔ موجودہ حکومت ثقافت کے حوالے سے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے لیکن حکومت کو سٹیج ڈراموں کی ٹکٹوں پر کمی کرنے پر بھی غور کرنا چاہیے کیونکہ پرائیویٹ مافیا من مانی قیمتیں وصول کر رہا ہے۔