Friday, September 20, 2024

سوموٹونوٹسز اور ریمارکس کے باعث انتظامیہ مفلوج ہو چکی ہے ، رانا ثنا اللہ

سوموٹونوٹسز اور ریمارکس کے باعث انتظامیہ مفلوج ہو چکی ہے ، رانا ثنا اللہ
February 20, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) رانا ثنا اللہ بھی نوازشریف کے نقش قدم پر چل پڑے ۔ وزیر قانون پنجاب نے  بھی عدلیہ پر تنقید کر دی اور  بولے کہ سوموٹونوٹسز اور ریمارکس کے باعث انتظامیہ مفلوج ہو چکی ہے ۔ وزیر قانون پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ   انتظامیہ کام کر سکتی نہ کوئی فیصلہ کر سکتی ہے ۔ مخالفین عدالتی ریمارکس کوالیکشن مہم کیلئے استعمال کررہے ہیں ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے بدنام زمانہ انسپکٹرعابدباکسرکی پاکستان منتقلی سے لاعلمی ظاہرکی اور  کہا عابدباکسرکوپولیس نے توپاکستان منتقل نہیں کیا کوئی اورادارہ واپس لایا ہوتوکچھ نہیں کہاجاسکتا ۔

رانا ثنااللہ نے وزیراعظم کی جانب سے پارلیمنٹ میں ججز کے ریمارکس پر بحث کی حمایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ بحث صوبائی اسمبلی میں بھی ہوگی ۔  ریمارکس کا سلسلہ کہیں سے بھی شروع ہوا ہو اب اسے مناسب طریقے سے ختم ہونا چاہیے  ،  آئین میں ججز کو نکالنے کا مروجہ نظام موجود ہے ۔  اسی طرح وزیراعظم کو بھی تکنیکی بنیادوں کی بجائے عدم اعتماد سے نکالا جائے ۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سیشن کورٹ میں وکلاء کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کا قتل  اس وجہ سے ہوا کہ پولیس کی جرات ہی نہیں کہ وہ وکلاء کی تلاشی لے سکے ۔