Tuesday, April 30, 2024

سندھ اسمبلی : متحدہ قائد کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے قرارداد

سندھ اسمبلی : متحدہ قائد کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے قرارداد
September 20, 2016
کراچی (92نیوز) تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم قائد کے خلاف غداری کا کیس چلانے کے لیے قرارداد جمع کرا دی۔ متحدہ قائد نے ریاست مخالف نعرے لگائے اور اپنے حمایتیوں کو میڈیا پر حملے کے لیے اکسایا۔ آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی کی جائے‘ قرارداد کا متن۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف ایم کیو ایم کے بانی کےخلاف میدان میں آگئی ہیں۔ غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں دو قراردادیں جمع کرا دیں۔ پی پی کی خیرالنساءاور پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کی قراردادیں علیحدہ علیحدہ ضرور ہیں لیکن متن اور مطالبہ ایک ہی ہے اور وہ ہے ایم کیوایم بانی کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم بانی نے ملک مخالف شرانگیز تقریر کی‘ نعرے لگوائے اور میڈیا ہاو ¿سز پر حملہ کروایا۔ ملک دشمن ایم کیو ایم بانی کے خلاف آرٹیکل سکس کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ ملک کی مخالفت کرنے والے ہر شخص کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔