Thursday, September 19, 2024

سلمان تاثیر کا بیٹا شہباز تاثیر پانچ سال بعد بلوچستان سے بازیاب

سلمان تاثیر کا بیٹا شہباز تاثیر پانچ سال بعد بلوچستان سے بازیاب
March 8, 2016
لاہور (92نیوز) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔ شہباز تاثیر خیریت سے ہیں اور جلد ہی ان کی ملاقات اہل خانہ سے کرا دی جائے گی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق شہباز تاثیر کو سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں رہا کرایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ سال پہلے لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغواہونے والے سابق گورنرپنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کوکچلاک سے بازیاب کرا لیا گیا۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کیا اور شہباز تاثیر کو کوئٹہ کے مضافاتی علاقے کچلاک کے ایک گھر کے کمپاو¿نڈسے بازیاب کرایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں حساس اداروں‘ ایف سی اور پولیس نے حصہ لیا۔ وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ شہباز تاثیر کومشترکہ کارروائی میں بازیاب کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں کالعدم لشکرجھنگوی کے مقامی گروپ نے اغوا کیا۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق اغوا کنندگان نے شہباز تاثیر کو کچلاک کے قریب سلیم ہوٹل کے قریب چھوڑ دیا تھا۔ ہوٹل مالک کے مطابق شہباز تاثیر نے کالے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے اور اس کی داڑھی اور شیوہ بڑھی ہوئی تھی۔ شہباز تاثیر نے ہوٹل میں کھانا کھایا اور ساڑھے تین سو روپے بل ادا کیا اور اس سے فون مانگا لیکن اس نے فون دینے سے انکار کردیا۔ اسکے بعد شہباز تاثیر آدھے گھنٹے تک ہوٹل کے باہر بیٹھا رہا اور تھوڑی دیر بعد پولیس اور ایف سی کی متعدد گاڑیاں آئیں اور شہباز تاثیر کو ساتھ لیکر چلی گئیں۔