Tuesday, April 30, 2024

سعودی حکومت کا محدود پیمانے پر حج کرانے کا اعلان

سعودی حکومت کا محدود پیمانے پر حج کرانے کا اعلان
June 24, 2020

ریاض ( 92 نیوز) سعودی حکومت  نے محدود پیمانے پر حج کرانے کااعلان کر دیا ، غیرملکی حجاج کی میزبانی سےمعذرت  کر لی ۔ وزارت حج کے مطابق سعودی عرب میں موجود مختلف ملکوں کے مسلمان حج میں شریک ہو سکیں گے۔

کورونا کے باعث اس سال فریِضہ حج کیلئے تعداد محدود رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے ، سعودی وزیر حج نے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو فون کر کے فیصلے سےباضابطہ آگاہ کیا، ادھر وزارت مذہبی امور نے صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

سعودی حکومت نے رواں برس محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔وزارت حج کے مطابق سعودی  شہری اور سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے  اقامہ ہولڈر مسلمان حج میں شریک ہوں گے،سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی ۔

سعودی وزارت  حج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق  کورونا وائرس کے باعث عازمین حج کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا  جس کا  مقصد  اس وائرس سے بچاؤہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوظ صحت مند ماحول میں ہو، کورونا سے بچاؤ کے تقاضے پورے کیے جائیں، عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے اور انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔

وزارت حج نے اپنا بیان اس دعا پر ختم کیا کہ اللہ تعالی دنیا کے تمام ممالک کو اس وبا سے تحفظ فراہم کرے اور ہر آفت سے بنی نوع انسان کی حفاظت کرے۔

سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن بنتن نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے حج سے متعلق فیصلے سے متعلق باضابطہ آگاہ  کر دیا  ، وزارت مذہبی امور نے صورتحال کے تحت ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے ، جس میں عازمین  حج کی رقوم کی واپسی کا طریقۂ کار وضع کیا جائے گا۔