Thursday, September 19, 2024

سرفراز مرچنٹ کا ایم کیو ایم کے ”را“ سے فنڈز لینے کے شواہد پاکستان کو دینے کا فیصلہ

سرفراز مرچنٹ کا ایم کیو ایم کے ”را“ سے فنڈز لینے کے شواہد پاکستان کو دینے کا فیصلہ
March 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سرفراز مرچنٹ نے ایم کیو ایم کے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے فنڈز لینے کے تمام شواہد حکومت پاکستان کو دینے کا فیصلہ کر لیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم سرفراز مرچنٹ سے بیانات اور ثبوت اکٹھے کرنے کے لیے رابطہ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور ”را“ میں رابطہ کیسے ہوتا تھا؟ بھارتی خفیہ ایجنسی متحدہ کو فنڈز کیوں دیتی تھی؟ ”را“ کے فنڈز ایم کیو ایم کہاں استعمال کرتی تھی؟ متحدہ کے منحرف رہنما سرفراز مرچنٹ نے تمام شواہد اور ثبوت پاکستان کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کے لندن ذرائع کے مطابق سرفراز مرچنٹ نے اسلام آباد میں اہم حکومتی شخصیت سے رابطہ کر کے تحقیقاتی کمیٹی کو بیان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرفراز مرچنٹ کے اعلیٰ حکومتی شخصیت کے بیٹے سے لندن میں کاروباری روابط بھی ہیں جبکہ گورنر سندھ نے انہیں قائل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سرفراز مرچنٹ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی بلوچستان میں مداخلت سے متعلق دستاویزات بھی منظر عام پر لا سکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی حکومت نے سرفراز مرچنٹ کے الزام کی تحقیقات کا معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی ٹیم سرفراز مرچنٹ سے بیانات اور ثبوت اکٹھے کرنے کے لیے رابطہ کرے گی اور ایک سوالنامہ بھی بھیجے گی۔ ذرائع کے مطابق سرفراز مرچنٹ تک رسائی کے لیے سفارتی ذرائع بھی استعمال کئے جائیں گے۔