Tuesday, April 30, 2024

سابق نگران وزیراعظم معین قریشی امریکہ میں انتقال کر گئے

سابق نگران وزیراعظم معین قریشی امریکہ میں انتقال کر گئے
November 23, 2016

نیویارک (92نیوز) پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم معین الدین احمد قریشی چھیاسی برس کی عمر میں امریکہ کے شہر واشنگٹن میں انتقال کر گئے۔ معین قریشی پاکستان اور بیرون ملک کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم معین قریشی چالیس سال سے امریکہ میں مقیم تھے۔ انہوں نے ایک امریکی خاتون سے شادی کی تھی۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے وہ علیل تھے۔ مرحوم نے دو بیٹے اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

معین قریشی 26 جون 1930ءکو لاہور میں پیدا ہوئے۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے معاشیات میں بی اے آنرز کیا۔ ایم اے معاشیات کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔ 1955ءمیں سکالر شپ پر امریکہ گئے اور انڈیانا یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی۔ 1956ءمیں پاکستان واپس آ گئے اور پلاننگ کمیشن میں تعینات ہوئے۔

معین قریشی 1960ءمیں افریقی ملک گھانا کے معاشی مشیر بنے۔ 1974ءسے 1977ءتک آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو نائب صدر رہے اور 1981ءسے 1987ءتک ورلڈ بینک میں سینئر نائب صدر کے فرائض سرانجام دیے۔ 1993ءمیں نواز شریف کی پہلی حکومت کے خاتمے کے بعد معین قریشی نے نگران وزیراعظم کی ذمہ داری نبھائی۔ وہ پاکستان کے 16ویں وزیراعظم تھے۔