Tuesday, April 30, 2024

دریائے ستلج میں پانی کی سطح پھر بلند ہونے لگی ، درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

دریائے ستلج میں پانی کی سطح پھر بلند ہونے لگی ، درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع
August 24, 2019
 قصور (92 نیوز) دریائے ستلج میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ قصور کے علاقے میں پانی کی سطح دوبارہ بلند ہونا شروع ہوگئی۔ کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ دریائے ستلج میں پانی کی سطح دوبارہ بلند ہونا شروع ہو گئی۔ چندا سنگھ، مستے کی ، بھکھی ونڈ سمیت قصور کے درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ پھر منقطع ہو گیا۔ متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔ گنڈا سنگھ کے مقام پر 55 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ سیلابی ریلے نے اوکاڑہ کے بھی مزید کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ دیپالپور کے علاقے جودھے میں عارضی بند ٹوٹنے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی زیرآب آگئی۔ 14 دیہات ڈوبنے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا۔ شہری جان بچانے کےلیے نقل مکانی  پر مجبور ہو گئے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق بند ٹوٹنے کے بعد 200 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ادھر دریائے ستلج میں پانی آنے پر وہاڑی کے شہری خوشی سے نہال ہیں۔ دریا میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پانی کو خوش آمدید کہا گیا۔ دریا کنارے آباد لوگوں کا کہنا ہے کہ زیر زمین پانی سے مضر صحت اثرات کا خاتمہ ہو گا۔ دریائے سندھ میں بھی پانی کی صورتحال نارمل ہو گئی۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 28 ہزار 367 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔