خیبرپختونخوا میں آج صبح 9بجے بلدیاتی انتخابات کا بگل بج گیا، 1کروڑ 31لاکھ ووٹر 84ہزار 420امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرینگے
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخاب کےلئے میدان تیار ہو گیا ہے۔ آج چوراسی ہزار چار سو بیس امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ایک کروڑ 31لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے جبکہ ووٹرز میں اس حوالے سے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔
امیدوار اپنے اپنے حامیوں کے ہمراہ پولنگ سٹیشنوں کے باہر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔
بعض پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ شروع نہیں ہو سکی جبکہ ووٹر بھی سہولیات کے فقدان کی شکایات کر رہے ہیں۔ انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران بدانتظامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔
ایبٹ آباد میں پولنگ سٹیشن نمبر چار سو انسٹھ میں ساڑھے آٹھ بجے تک بھی پولنگ شروع نہ ہو سکی۔ ووٹ ڈالنے کا عمل پیچیدہ ہونے کی وجہ سے خواتین ووٹرز اور عملہ پریشانی کا شکار ہے۔
اسی طرح چارسدہ ڈھیری پولنگ سٹیشن نمبر ایک میں پولنگ شروع نہ ہوسکی جہاں ووٹرز نے احتجاج کیا ہے۔
مردان، اپر دیر ، ما لاکنڈ ڈویڑن کے علاقے جلال پور میں بھی ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ چارسدہ گورنمنٹ ہائی سکول میں سکیورٹی نہ ہونے کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بعض پولنگ سٹیشنوں پر نفری نہ پہنچ پائی۔
بنوں کے علاقے صالح خان منڈان میں تحریک انصاف کے امیدوار نے الزام لگایا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر بیلٹ پیپرز سمیت غائب ہو گیا۔ جے یو آئی کے امیدوار اسے ساتھ لے گئے۔