Thursday, September 19, 2024

بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی‘ 50 افراد جاں بحق

بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی‘ 50 افراد جاں بحق
April 3, 2016
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ چھتیں گرنے، لینڈسلائیڈنگ سمیت مختلف حادثات میں پچاس سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ گلگت جانے والے جاپانی سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہستان میں پھنس گئے جبکہ وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ کے پی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بگڑے موسم نے قیامت ڈھا دی۔ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد موت کی وادی میں اتر گئے۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کئی رابطہ پل، پن بجلی گھر سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ شانگلہ میں بیس سے زائد افراد موسم کے قہر کا نشانہ بنے جبکہ پچاس سے زیادہ مکان تباہ ہو گئے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور مکانوں کی چھتیں گرنے سے گیارہ افراد جاں بحق ہوئے۔ سوات، ضلع کوہستان کے علاقہ پالس، جالکوٹ، پٹن میں مکانات، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں میں سترہ افراد موت کا لقمہ بنے۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت مشتاق غنی کا دعوی ہے کہ حکومتی مشینری متحرک ہے اور متاثرہ اضلاع میں امدادی سامان بجھوا دیا ہے۔ آزادکشمیر میں بھی بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ وادی نیلم میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ وادی کے ڈپٹی کمشنر نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔