Friday, September 20, 2024

خواجہ آصف کیخلاف نیب انکوائری ، تحریک انصاف کانام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

خواجہ آصف کیخلاف نیب انکوائری  ، تحریک انصاف کانام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ
August 16, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف نیب نے  انکوائری شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے جس پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر خارجہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف نیب کی جانب سے انکوائری  شروع کرنے کی منظوری دیئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہیں   مگر اس کے ساتھ ہی خواجہ آصف کی جانب سے  بیرون ملک فرار ہونے کے خدشات ہیں  ،لہذا  ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے ۔ عثمان ڈار کا کہنا تھ اکہ کرپشن کے بڑے ملزم کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالنا ہو گا، نیب خواجہ آصف کے راہ فرار اختیار کرنے کے تمام راستے بند کرے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں خواجہ آصف منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ  خواجہ آصف نے کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنائے ، منی لانڈرنگ  اور کرپشن کیلئے اقامہ کا سہارا لیا گیا ،خواجہ آصف نے حکومتی عہدے کا غلط استعمال کیا  میں نیب کو خواجہ آصف کے کارناموں کے نا قابل تردید ثبوت فراہم کر چکا ہوں۔ عثمان ڈار نے مزید کہا کہ خواجہ آصف ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر بھی  بڑی کرپشن میں ملوث ہیں ، نیب انکوائری شفاف ہوئی تو مزید ہوشربا انکشافات سامنے آئیں گے۔