Tuesday, April 30, 2024

حکومت کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح کے پارلیمانی اتحاد کیلئے کوشاں ہے، شاہ محمود قریشی

حکومت کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح کے پارلیمانی اتحاد کیلئے کوشاں ہے، شاہ محمود قریشی
December 9, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح کے پارلیمانی اتحاد کیلئے کوشاں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا نائیجر میں مسئلہ کشمیر پر متفقہ مذمتی قرارداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ قرارداد میں بھارت کے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کا بھی حوالہ دیا گیا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس گٹھ جوڑ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں کررہا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر پارلیمانی اتحاد کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا برطانوی پارلیمنٹ میں بھی کشمیر اور کشمیریوں کے لیے آواز بلند ہوئی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی کوششیں بھی قابل تحسین ہے۔ ہم تو پانچ دن قرنطینہ میں رہ کر تنگ پڑ جاتے ہیں۔ کشمیری عوام 500 دن سے کرفیو میں ہیں۔ کشمیری عوام کے خلاف مسلسل پیلٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے۔ غیرانسانی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیری عوام سنگین مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگ بھارتی عاصبیت اور جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ کشمیر سے غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے لیےغیرمعمولی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ کوئی مائی کا لعل کشمیر کا سودا نہیں کر سکتا۔ کوئی بھی کشمیر کا سودا کرکے پاکستان میں نہیں رہ سکتا۔ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔