حکمرانوں کی سوچ میں وسعت ہے نہ ان کا مینڈیٹ اپنا ہے، آصف علی زرداری
لاہور ( 92 نیوز) سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے حکومت پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی سوچ میں وسعت ہے نہ انکا مینڈیٹ اپنا ہے ۔
شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی سے حکومت چھیننے کی کوشش کی گئی ، سندھ میں صنعتیں لگانے والوں کواٹھایا جا رہا ہے ، وفاقی حکومت 18ویں ترمیم واپس لینا چاہتی ہے ، پرویز مشرف سے این آرو نہیں مانگا تو ان سے کیوں مانگیں گے۔سابق صدر نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لئے بغیر انہیں لاڈلا کہہ کر بھی مخاطب کیا ۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نہ نواز شریف کو میری ضرورت ہے نہ مجھے نواز شریف کی ، مولانا صاحب کی خواہش ہے کہ آل پارٹی کانفرنس میں آئیں جس پر میں نے حامی بھری ہے ۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم حکومت گرانے میں دلچسپی نہیں رکھتے ، ہم چاہتے ہیں کہ یہ حکومت کر کے تھک جائیں ۔