Thursday, September 19, 2024

تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ پرسوں سے کھیلی جائے گی

تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ پرسوں سے کھیلی جائے گی
December 4, 2018
کراچی (92 نیوز) تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 6 تا 10 دسمبر تک پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی۔ انٹر نیشنل رینکنگ کی حامل یہ چیمپئن شپ 23 میچزپر مشتمل ہے ۔ ٹورنامنٹ کی میڈیا بریف 4 دسمبر2018 کو پاکستان نیوی اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے تقریب میں شامل میڈیا کے نمائندگان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلا سی اے ن اے س اسکواش ٹورنامنٹ سنہ 2000 میں 6000 ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ انعامی رقم بڑھائی گئی تاکہ اسکواش کے کھیل کو فروغ دیا جا ئے اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اس کورٹ میں لا یا جائے۔ اس سال چیمپئن شپ کی انعامی رقم 18000 ڈالر رکھی گئی ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کا شمار بین الاقوامی رینکنگ پوائنٹس رکھنے والے مقابلوں میں ہوتا ہے جس میں رواں برس بہترین قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ 12 مقامی جبکہ 12 بین الاقوامی کھلاڑی اس سال مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کا تعلق ایران، مصر، ملا ئشیا، قطر ، میکسیکو، ہانگ کانگ، کویت اور پرتگال سے ہے۔ قیام پاکستان سے ہی پاک بحریہ کا اسکواش کے کھیل کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ پاک بحریہ میں اسکواش کے کھیل کا آغاز منوڑہ میں ایک سنگل کورٹ سے ہوا تاہم پاک بحریہ کی اس کھیل کے ساتھ لگن کے باعث سنگل کورٹ سے بین الاقوامی معیار کا اسکواش کمپلیکس معرض وجود میں آیا ۔ پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس اسکواش کے دو عظیم کھلاڑیوں سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس کمپلیکس کا افتتاح 19 جون 1991 کو ہوا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کموڈور حبیب الرحمن نے کہا کہ مملکت خدا داد کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا ایک مثبت پہلو اجاگر کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے اور اسی سلسلے میں ایسے کثیر القومی مقابلے ، تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ملک میں امن اور استحکام کی بحالی اور ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں میڈیا کا ایک اہم کردار رہا ہے اور اس وقت بھی ملک کی ترقی میں میڈیا ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات میں ملک کے مثبت اور بہتر پہلو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس میں کھیل نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملک میں اسکواش کے فروغ اور چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے انتھک کوششوں پر ٹورنامنٹ ڈائیریکٹر نے پاکستان اسکواش فیڈریشن اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔