Tuesday, April 30, 2024

بھارہ کہو میں مزید 9مریض سامنے آنے کے بعد علاقہ سیل ‏

بھارہ کہو میں مزید 9مریض سامنے آنے کے بعد علاقہ سیل ‏
March 25, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کے علاقہ بھارہ کہو سے کورونا وائرس کے مزید نو مریض سامنے آنے کے بعد علاقہ سیل کر دیا گیا،  اسلام آباد میں کنفرم  کورونا کیسز  کی تعداد 16 ہو گئی ۔شہر میں جزوی لاک ڈاون بھی کیا گیا ۔ شہر کے میڈیکل سٹورز کے ‏علاوہ تمام دکانیں بند،شناختی کارڈ نہ ہونے پر دارلحکومت میں ‏داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

اسلام آباد  میں کورونا  وائرس  کے مریضوں کی  تعداد 16 ہو گئی  ،  بھارہ کہو  سے کرونا وائرس کے مزید نو مریض سامنے آنے کے بعد  انتظامیہ اور فوج نے علاقہ سیل کر دیا، بھارہ کہو  سے اسلام آباد آنے ‏والا راستہ بھی بند کر دیا گیا ، پاک فوج نے 6 مقامات پر چیک پوسٹس قائم کردیں۔

‏بھارہ کہو سیل ہونے کے بعد پورے اسلام آباد میں جزوی لاک ڈاون نافذ ہوگیا ، میڈیکل سٹورز کے علاوہ تمام دکانیں بند کر کے  پاک فوج کے دستے تعینات  کر دئے گئے ۔ غیر ضروری گھروں سے نکلنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔

  ‏اسلام آباد کے داخلی راستوں پر بھی چیک پوسٹس بڑھا دی گئیں ، اسلام آباد کا ‏شناختی کارڈ نہ ہونے پر دارلحکومت میں داخلے پر پابندی عائد ہے ۔ ‏بھارہ کہو میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے ، 6 ‏افراد کا تعلق تبلیغی جماعت جبکہ 9 مقامی  رہائشی ہیں۔

اسلام آباد کی  مُختلف دکانوں میں 7 سے زائد گاہکوں کے بیک وقت اکٹھا ہونے پر پابندی ہے۔انتظامیہ نے 325 دکانوں کو ایس او پی  کی خلاف ورزی پر بند  کر دیا  ہے ۔