Tuesday, April 30, 2024

بلوچستان ڈرون حملہ‘ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی

بلوچستان ڈرون حملہ‘ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی
May 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جمع کرائی گئی تحریک التوا میں قومی سلامتی اور جغرافیائی حدود کو لاحق خطرات پر ایوان میں خصوصی بحث کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ 21 مئی کو طالبان رہنما ملا منصور کو نشانہ بنانے کیلئے بلوچستان میں پاکستان کی سرزمین پر ڈرون سے حملہ کیا گیا۔ واقعے کے کئی روز بعد دفتر خارجہ کے بے معنی بیان کے علاوہ کوئی قابل ذکر ردعمل سامنے نہیں آیا۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کو حملے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا تاہم وزیراعظم لندن میں کہتے ہیں انہیں حملے کے بعد بتایا گیا۔ بتایا جائے کہ کیسے ایک افغان طالبان رہنما پاکستانی شناختی کارڈ اور ایران اور اماراتی ویزوں کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ کا حامل ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی افغان پالیسی مکمل طور پر غیرواضح اور مبہم ہے۔ واقعے کے بعد سول اور عسکری حکام میں سکیورٹی پالیسی کے حوالے سے شگاف بھی سامنے آیا ہے۔ تحریک التوا ڈاکٹر شیریں مزاری‘ ساجدہ ذوالفقار‘ منزہ حسن‘ نفیسہ خٹک‘ ڈاکٹر عارف علوی اور جنید اکبر کی جانب سے جمع کروائی گئی۔