Friday, September 20, 2024

بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ بھی جاری

بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ بھی جاری
February 21, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہر طرف سفیدی نے ڈیرے ڈال لئے۔ برفباری کے باعث بعض علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو کر رہ گیا۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں تو سردی کی شدت کم ہوگئی لیکن ملک کے بالائی علاقوں میں جما دینے والی سردی کی لہر برقرار ہے۔ بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ہر شے پر سفید چادر تنی ہو۔

گلگت، ہنزہ نگر، استور، شمشال مسگر ہسپر، بزدل ٹاپ، منی مرک، اسکردو، لوئر دیر اور دیربالا میں وقفے وقفے سے سفید گالوں کی بارش جاری ہے۔ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ کر رہ گیا۔ لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔

دوسری طرف خوبصورت مناظر کو دیکھنے کیلئے سیاح بھی بالائی علاقوں کی جانب کھنچے چلے جا رہے ہیں تاہم راستے بند ہونے سے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔