Tuesday, April 30, 2024

ایس پی طاہر داوڑ کی میت افغانستان سے طورخم بارڈر روانہ کر دی گئی

ایس پی طاہر داوڑ کی میت افغانستان سے طورخم بارڈر روانہ کر دی گئی
November 15, 2018
پشاور (92 نیوز) ایس پی طاہر داوڑ کی میت افغانستان سے طورخم بارڈر روانہ کر دی گئی۔ ایس پی طاہر داوڑ کی میت افغانستان میں قبائلی اضلاع کے نمائندہ امتیاز وزیر کے حوالے کی گئی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی طورخم روانہ ہو گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال اور طاہر داوڑ کے عزیزواقارب بھی طورخم روانہ ہو گئے۔ اس سے قبل سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ امور شہریار آفریدی نے کہا کہ طاہر داوڑ پاکستان کا غیرت مند بیٹا تھا، ان کے بھائی اور بھابھی کو بھی شہید کیا گیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ سیف سٹی کیمرے اغواء کاروں کے چہرے کی شناخت نہیں کر پا رہے۔ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفارتکار کو دو مرتبہ دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ ادھر سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے شہریارآفریدی نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کے بیٹے کو شہید کیا گیا۔ پاکستان مخالف قوتیں حالات خراب کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل میں ملوث عناصر جہاں بھی ہوں ، نشان عبرت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا شہید ایس پی کو اغوا کرکے میانوالی سے بنوں کے راستے افغانستان لے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیرمملکت داخلہ کی غیرسنجیدہ رپورٹ مسترد کرتے ہیں۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم بطور وزیرداخلہ خود آکر وضاحت دیں۔  ایوان میں شہید کیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔