Thursday, September 19, 2024

ایران پاکستان میں منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں: وزیر داخلہ

ایران پاکستان میں منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں: وزیر داخلہ
April 2, 2016 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایران کا ”را“ کے دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

ایران پاکستان کا برادر مسلم ملک ہے جس نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ حکومت نے کبھی ایسی بات نہیں کی کہ بھارتی جاسوس کے معاملے میں ایران بھی شامل ہے۔ وہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان میں منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ ایرانی صدر کے دورے کے اچھے نتائج نکلے۔ جاسوس کو پاکستان ایران تعلقات سے نہ جوڑا جائے۔ کلبھوشن کے معاملے کو منطقی انجام تک لے جایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا یہ مسئلہ تب شروع ہواجب ایرانی صدر سے سوال کیا گیا کہ ”را“ایجنٹ کے بارے میں آرمی چیف سے کوئی بات ہوئی؟ ایرانی صدر نے انکار کیا اور اس کے بعد ٹویٹ ہوئی۔ آرمی چیف اور ایرانی صدر کی میٹنگ اچھے اندازمیں ہوئی۔ چودھری نثار نے کہا پہلے مرحلے میں ایرانی صدر کو سمجھ نہیں آئی کہ ”را“ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کام نہیں کرتا اس پر تنقید نہیں ہوتی جو کرتا ہے اس پر تنقید ہوتی ہے۔ کرکٹ کے معاملات پر دلی تکلیف ہوئی۔ انہوں نے کہا پی سی بی سے رپورٹ لیک ہونا کھلاڑیوں کی تضحیک ہے۔