Sunday, April 28, 2024

شہباز شریف نے وطن واپسی کیلئے لندن سے اڑان بھرلی ‏

شہباز شریف نے وطن واپسی کیلئے لندن سے اڑان بھرلی ‏
March 22, 2020

لندن ( 92 نیوز ) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے  وطن واپسی کیلئے لندن سے اڑان بھر لی ، وہ کل پاکستان پہنچیں گے ۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عوام کے درد میں یا پارٹی میں اٹھنے والی آوازوں کا جواب دینے کل پاکستان پہنچ رہے ہیں ،  شہبازشریف پاکستان روانگی سے قبل والدہ سے بھی ملے، روانگی سے قبل شہبازشریف نے ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا پاکستان کی فضائی حدود کا پتہ چلا تو نوازشریف سے وطن واپسی کی اجازت مانگی جس پر نوازشریف نے مجھے وطن واپس جانے کی اجازت دی ۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کا سب کو پتہ ہے،اللہ سب کو اپنے حفظ وامان میں رکھے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہباز سریف آج رات پاکستان کیلئے روانہ ہو رہے ہیں ۔

اس سے قبل شہباز شریف لندن سے  کورونا وائرس کے باعث حکومت سے لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں ، شہباز شریف نے  اپنے پیغام میں کہا کہ  کورونا وائرس انسانی زندگی کیلئے بڑھتا ہوا خطرہ ہے،حکومت فوری لاک ڈاؤن کی تیاریاں کرے، عوام کو خوراک کی فراہمی اور دیگر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے۔

شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے علاج کیلئے ان کے ہمراہ لندن گئے تھے  ، عدالت کی جانب سے 8 ہفتوں کیلئے علاج کی مہلت  کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت پنجاب سے  توسیع کی درخواست کی گئی تھی ۔

شہباز شریف کے مسلسل بیرون ملک قیام پر فواد چودھری کی جانب سے  نیا اپوزیشن لیڈر لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

 وفاقی وزیر فواد چودھری نے شہباز شریف کی مسلسل غیرحاضری پر نیا اپوزیشن لیڈر لگانے کا مطالبہ  کیا تھا۔  شہبازشریف کی ایوان سے طویل غیرحاضری پر فواد چودھری نے اسپیکر کو خط لکھا تھا اور معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

فواد چودھری نے کہا عہدہ لمبے عرصے تک خالی نہیں رکھا جا سکتا، قانون سازی میں اپوزیشن لیڈر کا اہم کردارہوتا ہے، ان کی غیرموجودگی اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی ہے، شہباز شریف کو ہٹا کر قومی اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈرمنتخب کیا جائے۔

دس فروری کو  شہباز شریف کی وطن واپسی کی افواہیں  اڑیں مگر یہ صرف افواہیں ہی ثابت ہوئیں ، اطلاعات کے مطابق  دس فروری کو شہباز شریف نے آئندہ دو روز میں وطن واپس آنے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔

اس سے قبل 18 جنوری کو وزیر ریلوے شیخ رشید  پریس کانفرنس میں کہ چکے تھے کہ نواز شریف نہیں آرہے ، اب میرا دوست شہباز شریف آرہا ہے ۔