Tuesday, April 30, 2024

اومنی گروپ کے 10منجمد اکاؤنٹس سے پیسے نکلنے کا انکشاف

اومنی گروپ کے 10منجمد اکاؤنٹس سے پیسے نکلنے کا انکشاف
September 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سندھ کے بڑے  منی لانڈرنگ اسکینڈل میں بڑے انکشافات کا سلسلہ  جاری  ہے ۔ اومنی گروپ کے بینک اکاؤنٹس  منجمد  کئے گئے مگر 10 اکاؤنٹس سے   پیسے نکل گئے  ۔  مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات میں ہوشربا انکشاف سامنے آگئے ۔ منجمد اکاؤنٹس سے ٹرانزیکشن  کا انکشاف ہونے پر جے آئی ٹی نے تفتشی افسر کو نیشنل بنک کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔ نیشنل بنک کے چھ آفیشل نے  اومنی گروپ کی چھ کمپنیوں کے دس اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے میں مدد کی، جے آئی ٹی کے مطابق بینک کے افسران نے ایف آئی اے کے نوٹس کے باوجود دس اکاؤنٹس سے رقم نکالنے میں مدد  کر کے نوٹس کی خلاف ورزی کی لہٰذا بینک افسران کے خلاف  کارروائی ہو گی ۔ دوسری طرف جعلی اکاؤنٹس کے  حوالے سے 92 نیوز نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی پہلی عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی  جس کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے ۔ جے آئی ٹی نے نیب سے زرداری گروپ لمیٹڈ کا ریکارڈ مانگ لیا ہے  اور  مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا جعلی اکاؤنٹس  سے ٹرانزیکشنز میں ملوث کمپنیوں  اور  افراد کو طلب  کرنے کا فیصلہ  بھی کیا گیا  ہے ۔ جے آئی ٹی نے نادرا ، ایس ای سی پی ، ایف بی آر  اور اسٹیٹ بینک سے  زرداری گروپ، اور بحریہ ٹاؤن  سمیت  34 کمپنیوں کا ریکارڈ نیب سے طلب کر لیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اومنی گروپ کے اکاؤنٹینٹ عارف خان نے کھلوائے  جبکہ اکاؤنٹس سے اومنی گروپ ،زرداری گروپ   اور بحریہ ٹاؤن سمیت حکومتی ٹھیکیداروں نے ٹرانزیکشنز کیں ۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چیف سیکرٹری سندھ سے سرکاری ٹھیکیداروں کو ٹھیکے ایوارڈ کرنے کا ریکارڈ بھی کر لیا  ۔ رپورٹ  کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید 33 جعلی اکاؤنٹس کا پتہ چلا  جبکہ  مجموعی طور پر 77 جعلی اکاونٹس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور، حسین لوائی ،انور مجید اور تین بیٹے  بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے  پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے بعد سماعت16اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔