Friday, September 20, 2024

 امن مذاکرات میں شرکت کیلئےافغان حکومت کا دعوت نامہ طالبان کو موصول

 امن مذاکرات میں شرکت کیلئےافغان حکومت کا دعوت نامہ طالبان کو موصول
March 2, 2016
کابل(92نیوز)افغان امن مذاکرات میں شرکت کے لئے افغان حکومت کا دعوت نامہ طالبان کو موصول ہوگیا ہے،جس کے بعدطالبان کی ٹیم جمعہ کو پاکستان پہنچ جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے، افغان طالبان ذرائع نے نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ افغان حکومت نے امن مذاکرات کے لئے مدعو کیا ہے اور طالبان قیادت نے افغان حکومت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان قیادت نے مشاورت کے بعد ان مذکرات میں شرکت کے لئے اپنی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جس کی قیادت قطر میں موجود طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ شیر محمد عباس کریں گے، ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں طالبان کے ملا محمد رسول گروپ نے بھی شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حزب اسلامی نے پہلے ہی ان مذاکرات کے لئے اپنی رضا مندی ظاہر کر دی ہے، ذرائع کے مطابق طالبان اور افغان حکومت کے درمیان پہلے براہ راست مذاکرات 5 اور 6 مارچ کو شروع ہونے کا امکان ہے جس کے لئے اسلام آباد میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔