Thursday, September 19, 2024

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بجلی کا بریک ڈاؤن

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بجلی کا بریک ڈاؤن
April 8, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی دارالحکومت میں بجلی کے بریک ڈاؤن سے وائٹ ہاؤس، دفتر خارجہ اور محکمہ انصاف سمیت درجنوں اہم سرکاری عمارتوں اور واشنگٹن کے وسیع علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔ محکمہ خارجہ کی معمول کی پریس بریفنگ بھی مؤخر کرنا پڑی۔ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے واشنگٹن میں سراسیمگی اور خوف کی لہر دوڑ گئی اور ان خدشات نے جنم لیا کہ بریک ڈاؤن تخریبی کارروائی کا نتیجہ تو نہیں تاہم امریکی محکمہ خارجہ اور دفاع نے کہا ہے کہ بجلی کے تعطل میں دہشت گردی کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔ برقی تعطل سیاحوں کیلئے بھی دردسر ثابت ہوا کیونکہ شہر کے عجائب گھروں میں اندھیرا چھا جانے سے وہاں موجود لوگوں کو سخت کوفت ہوئی اور برقی زینے بند ہوجانے سے جو جہاں تھا وہیں پھنس گیا۔ بجلی کی بندش سے محکمہ انصاف بھی شدید متاثر ہوا امریکی فضائی دفاع اور شمالی کمان کے سربراہ ایڈمرل بل گورٹنی نے کہا ہے کہ برقی تعطل کی وجوہات کے بارے میں کوئی قیاس آرائی قبل ازوقت ہو گی تاہم بجلی کا بیک اپ سسٹم ضرورت کے مطابق کام کر رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا ہے کہ برقی تعطل سے وائٹ ہاؤس بھی متاثر ہوا تاہم اب بجلی بحال ہو چکی ہے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کی بندش کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کانگرس بلڈنگ، زیرزمین سٹیشنوں میں متبادل ذرائع سے بجلی پیداکی گئی۔ چار اہم عجائب گھروں میں سے بھی لوگوں کو نکال لیا گیا ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ ضلع کولمبیا اور میری لینڈ میں اکیاسی اداروں میں بجلی معطل ہوئی جس کی وجہ میری لینڈ کے علاقے میں ٹرانسمشن لائن کی خرابی تھی جسے دور کیا جا رہا ہے۔