Tuesday, April 30, 2024

امریکی انٹیلی جنس یاک شیراک، نکولا سرکوزی اور فرانسوا اولاند کی بھی جاسوسی کرتی رہی: وکی لیکس

امریکی انٹیلی جنس یاک شیراک، نکولا سرکوزی اور فرانسوا اولاند کی بھی جاسوسی کرتی رہی: وکی لیکس
June 24, 2015
فرانس (ویب ڈیسک) وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس فرانس کے سابق صدور یاک شیراک، نکولا سرکوزی اور موجودہ صدر فرانسوا اولاند کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ وکی لیکس کے یہ انکشافات فرانسیسی اخبار لبریشن اور نیوز ویب سائٹ میڈیا پارٹ نے بھی شائع کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ  این ایس اے  دو ہزار چھے سے مئی دو ہزار بارہ تک فرانسیسی صدور کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ وکی لیکس کے مطابق امریکی ایجنسی نکولا سرکوزی، فرانسوا اولاند ہی نہیں سابق صدر  یاک شیراک، فرانسیسی کابینہ کے ارکان اور امریکا میں فرانسیسی سفیروں کی بھی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ وکی لیکس کو ملنے والی دستاویزات میں الیزے پیلس کے کئی عہدیداروں کے سیل فون اور صدر کا ڈائریکٹ فون نمبر بھی موجود ہے جبکہ ان دستاویزات میں فرانسیسی حکام کی عالمی مالیاتی بحران، یونان کے قرضوں کے بحران کے علاوہ اولاند حکومت کے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ تعلقات کے بارے میں گفتگو اور سمریاں بھی شامل ہیں۔ ایڈورڈ سنوڈن کے اس انکشاف سے جرمنی میں تہلکہ مچ گیا تھا کہ امریکی ایجنسی مرکل کے فون بگ کرتی رہی ہے۔ وکی لیکس نے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی جاسوسی کے بارے میں مزید تہلکہ خیز انکشافات بھی کریگی۔