Tuesday, April 30, 2024

امریکا میں 93 خواتین کو قتل کرنیوالا ملزم امریکا کی تاریخ کا سیریل کلر قرار

امریکا میں 93 خواتین کو قتل کرنیوالا ملزم امریکا کی تاریخ کا سیریل کلر قرار
October 8, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں 93 خواتین کو قتل کرنیوالے ملزم کو ایف بی آئی نے امریکا کی تاریخ کا سب سے خطرناک سیریل کلر قرار دے دیا۔ امریکی کی ڈھائی سو سالہ تاریخ کا سب سے خطرناک سیریل کلر سیموئل لٹل جس کے اعتراف جرم نے امریکی تحقیقاتی اداروں کو چکرا کر رکھ دیا۔ ایف بی آئی نے سیموئل لٹل کو امریکی تاریخ کا سفاک ترین قاتل قرار دے دیا۔ امریکی سیریل کلر سیموئل لٹل کے اعترافات سامنے آئے ہیں جس نے سال 1970 سے 2005 تک 93 خواتین کا قتل کیا ہے اور قتل کرنے کے بعد ان کے خاکے بھی بنائے ہیں۔ ایف بی آئی کے مطابق سیموئل لٹل کی جانب سے جاری کیے گئے خاکوں کی مدد سے مقتولین کی شناخت کی جارہی ہے جبکہ ان میں سے کچھ کی شناخت ہوگئی ہے۔ ایف بی آئی کا تفتیش کے بعد یہ کہنا تھا کہ ابھی تک سیموئل لٹل کے 50 افراد کے قتل کرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کا یہ بھی دعوی ہے کہ قاتل کے تمام 93 اعترافات درست ہیں۔ ایف بی آئی نے ایک ویب سائٹ بنائی ہے جہاں انہوں نے وہ تمام خاکے جاری کیے ہیں جو سیریل کلر سیمول لٹل نے خود بنائے ہیں، یہ خاکے ان تمام خواتین کے ہیں جنہیں اس نے قتل کیا تھا۔ کئی سالوں تک سیموئل لٹل کا ماننا تھا کہ اسے پکڑا نہیں جائے گا کیونکہ کسی نے اس کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا تھا۔ ماضی میں باکسر رہنے والے سیموئل لٹل جنہیں سیموئل مکڈوول کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کو پہلی بار 2012 میں منشیات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ کیلی فورنیا میں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد مزید تین کیسز سامنے آئے جس کے بعد انہیں 1987 سے 1989 کے درمیان کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں تین عورتوں کے قتل کے جرم میں سزا سنائی گئی۔ سیموئل لٹل نے تینوں خواتین کو تشدد کے بعد ان کا گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا۔