Thursday, September 19, 2024

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر عدالت برہم

العزیزیہ ریفرنس ، نوازشریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر عدالت برہم
December 4, 2018
لاہور (92 نیوز) العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کا بیان سپریم کورٹ میں پیشی کے باعث قلمبند نہ ہو سکا۔ خواجہ حارث نے حتمی دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے کبھی گلف اسٹیل کی فروخت پر انحصار نہیں کیا۔ نواز شریف کے پاس تو گلف اسٹیل کی کوئی براہ راست معلومات نہیں تھی۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جے آئی ٹی نے خود اپنی رپورٹ میں لکھا کہ گلف اسٹیل سے متعلق نواز شریف نے سنی سنائی باتیں کہیں۔ قطری خطوط کے بارے میں کہا گیا کہ ان کی کوئی حقیقت نہیں۔ نواز شریف نے خود تو کبھی قطری خطوط پر انحصار نہیں کیا۔ نوازشریف کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست پر جج محمد ارشد ملک نے شدید برہمی کا اظہارکیا۔ان کا کہنا تھا یہ کچھ زیادہ ہی ہو گیا ۔ روز ، روز استثنی ، کچھ کہتا نہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ روز درخواست دائر کردیں۔ عدالت نے نوازشریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بیان قلمبند کرانے کیلئے کل طلب کرتے ہوئے نوازشریف کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔ کیس کی سماعت کل صبح تک ملتوی کر دی گئی۔