اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل میچ آج کھیلا جائیگا
کراچی (92 نیوز) کراچی میں کرکٹ کی خوشیاں لوٹ آئیں ۔ نو سال بعد نیشنل اسٹیڈیم میں غیر ملکی اسٹارز جگمگائیں گے ۔ بلےباز باؤلرز کے چھکے چھرائیں گے تو باؤلرز بھی وکٹیں اڑائیں گے، اور شائقین تالیاں بجائیں گے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی ٹائٹل کی جنگ لڑیں گے ۔ دونوں ٹیمیں رات 8 بجے ان ایکشن ہوں گی ۔
دونوں ٹیموں کو بہترین اوپنرز، مڈل آرڈرز، بلے بازوں اور پاور ہٹرز کی خدمات حاصل ہیں ۔ پشاور زلمی ایونٹ کے ٹاپ اسکورر اور واحد سنچری میکر کامران اکمل اور جارح مزاج آندرے فلیچر سے مزین ہیں ۔
مڈل آرڈر کو استحکام دینے کے لیے محمد حفیظ اور سعد نسیم موجود ہیں ۔ کپتان ڈیرن سیمی کا اسٹرائیک ریٹ خطرے کی علامت ہو گا ۔
پیسروہاب ریاض اور حسن علی کوعمید آصف اور ثمین گل کا بھی ساتھ حاصل ہو گا ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بات کیجائے تو لیوک رونکی اور ڈومینی کسی بھی بولنگ لائن کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت ،اور آصف علی کی پاور ہٹنگ بڑے اسکور کی راہ ہموار کر سکتی ہے ۔
ایونٹ کے کامیاب ترین باؤلر فہیم اشرف کا ساتھ محمد سمیع دیں گے ۔ سمٹ پٹیل اور شاداب خان گھومتی گیندوں سے حریف بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچائیں گے ۔
کراچی کے کرکٹ لورز اپنی ٹیم کو ان ایکشن تو نہیں دیکھ سکیں گے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ سے محرومی کا نو سالہ دور ضرور ختم ہو جائے گا ۔