Sunday, May 5, 2024

اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی یوتھ ورکرز کنونشن پر دھاوا‘ 200 کارکن گرفتار

اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی یوتھ ورکرز کنونشن پر دھاوا‘ 200 کارکن گرفتار
October 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آبادمیں تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ شاہ محمودقریشی کی موجودگی میں کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا۔ یوتھ ونگ کے صدر علی عباس بخاری سمیت دوسو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں دھرنے سے پہلے ہی دما دم مست قلندر ہو گیا اور شہر اقتدار کا سیاسی پارا آسمان کی بلندیوں کو چھو گیا۔ پی ٹی آئی تو ابھی دھرنے کے میچ کی تیاریاں کر رہی تھی لیکن اسلام آباد پولیس نے اس سے پہلے ہی وارم اپ میچ کھیل لیا۔ وفاقی دارالحکومت میں کشیدگی کی آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر اچانک پولیس نے دھاوا بول دیا۔ اس موقع پر میدان جنگ کا سا سماں پیدا ہو گیا۔ پولیس والوں اور کارکنوں میں گھمسان کا رن پڑا۔ قانون کے محافظ بے رحمی سے کارکنوں پر ڈنڈے برساتے رہے اور انہیں گاڑیوں میں ڈال کر تھانوں میں لے گئے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کی ایک نہ چلی بلکہ کارکنوں کو بچانے کی کوشش میں وہ بھی کھینچاتانی کا شکار ہوئے اور دھکے بھی پڑے۔ شاہ محمود قریشی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پھٹ پڑے اور کہا کہ ن لیگ کا اصل چہرہ سامنے آ گیا۔ دو نومبر کے دھرنے سے پہلے ہی ملک کے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت نے تو اپنے عزائم بتا دیے۔ اب دیکھنایہ ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی بساط پر کیا چال چلتی ہے۔