Friday, September 20, 2024

فون ان لاک کرنے کے معاملے پر ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی پوزیشن مضبوط ہو گئی

فون ان لاک کرنے کے معاملے پر ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی پوزیشن مضبوط ہو گئی
March 1, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) ایف بی آئی اور فون بنانے والی کمپنی ایپل میں فون لاک تک رسائی کا معمہ حل نہ ہو سکا۔ نیویارک کے جج کا کہنا ہے ایف بی آئی ایپل کو مجبور نہیں کرسکتی کہ وہ کسی لاکڈ فون تک رسائی دے۔ تفصیلات کے مطابق بروکلین کے جج نے امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے پیش کیے جانے والی درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایپل منشیات کے ایک مقدمے میں آئی فون کو ان لاک کرے۔ اسی طرح کے ایک اور معاملے میں ایف بی آئی چاہتی ہے کہ ایپل سان برنارڈینو کے حملہ آور رضوان فاروق کے آئی فون کو ان لاک کرے تاہم ایپل نے ایف بی آئی کے مطالبے کو خطرناک اور غیرمعمولی قرار دیا ہے۔ اگرچہ یہ دونوں مقدمات آپس میں منسلک نہیں ہیں تاہم ایپل کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیویارک کی عدالت کے فیصلے کے بعد ان کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے۔ ایپل اور ایف بی آئی کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب ایف بی آئی کی جانب سے گزشتہ برس سان برنارڈینو میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملہ آور رضوان فاروق کے فون کو ان لاک کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔