Saturday, September 21, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے حیدرآباد سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے حیدرآباد سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
December 13, 2022 ویب ڈیسک

سکھر (92 نیوز) – وزیراعظم شہباز شریف نے 306 کلومیٹر طویل حیدرآباد سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود اور امین الحق ہمراہ تھے۔ موٹروے ایم سکس پشاور تا کراچی موٹروے کا آخری حصہ ہے۔ تین کھرب سات ارب روپے لاگت سے تیس ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا۔

حیدرآباد سکھر موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان میں موٹرویز کی بنیاد میاں نواز شریف نے رکھی، بلوچستان کو موٹروے کے ذریعے دیگر علاقوں سے ملایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ، بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نامکمل ہے۔ ان صوبوں کو بھی ترقی کی دوڑ میں آگے لے کر چلنا ہے۔ عادت سے مجبور ہوں کسی بھی وقت پراجیکٹ کا وزٹ کرسکتا ہوں کوالٹی اچھی ہوئی تو شاباش ملے گی، کوالٹی خراب ہوئی تو وہیں تھانیدار بلالیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اکائیوں کی بنیاد ہے، تمام علاقوں کو ترقی دینا ہوگی، پاکستان کی ترقی تب ہوگی جب محروم علاقوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ بے پناہ فنڈز جاری کئے گئے ہیں، لیکن سیلاب زدگان کو تاحال مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلاب زدگان کیلئے مزید بھی جو ہوسکا کریں گے، جو کچھ بس میں ہوا کیا جائیگا۔ وسائل کے پیسے ان کے قدموں میں نچھاور کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے بعض گندم کے سودے کئے تھے، کم سے کم قیمتیں لیں۔ پاکستان اللہ کی امانت ہے، ہم اس کی امین بن کر خدمت کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کا سکھر پہنچنے پر وزیراعلیٰ مُراد علی شاہ اور وفاقی وزیر خورشید شاہ نے ان کا استقبال کیا۔