Tuesday, April 30, 2024

وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں واقعہ کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں واقعہ کا نوٹس لے لیا
February 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔

ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ ہجوم میں شامل پرتشدد لوگوں سے قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔ آئی جی پنجاب سے رپورٹ  طلب کی ہے۔ جن پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی نہیں کی ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ ہجوم کو اکھٹا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

 ادھر میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کر دی گئی۔ قتل میں 33 افراد نامزد جبکہ 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے 62 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ مزید افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار جا رہے ہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ میاں چنوں میں ہجوم کی جانب سے ایک شخص کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایسے واقعات پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔ پنجاب حکومت کو فوری طور پر ایکشن لے کر ذمہ داروں کو انجام تک پہنچانا چاہیے۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بارہا نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی ہے۔ میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں۔