Saturday, September 21, 2024

تحریک انصاف کا الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کا الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ
December 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تحریک انصاف نے الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

عمران خان کی زمان پارک میں سیاسی مصروفیات جاری ہیں۔ فواد چودھری، اعجاز شاہ، بیرسٹر علی ظفر اور سی سی پی او بھی عمران خان سے ملے۔ عمران خان کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کا اجلاس بھی ہوا جس میں شریک قائدین نے صاف شفاف انتخابات کے علاوہ کسی بھی ماورائے آئین و قانون حربے کو گوارا نہ کرنے کا دوٹوک فیصلہ کیا۔

عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 سے 17 دسمبر تک الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ مہم چلائی جائے گی۔ مہم کا آغاز لاہور سے ہو گا۔ 11 روز کے دوران 11 حلقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ آغاز حماد اظہر کے حلقے سے ہو گا۔

اجلاس میں قائدین اور ارکان اسمبلی نے استعفوں اور اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے اصولی اعلان کی مکمل تائید کی اور فوری طور پر ملک میں قومی انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد ناگزیر قرار دیا گیا۔ اجلاس میں انتخاب کو التوا میں ڈالنے کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا کہ  پرویزالہٰی اور مونس الہٰی سے ملاقات ہوئی۔ پی ٹی آئی اور ق لیگ اتحادی ہیں اور اتحادی رہیں گے۔

اس سے قبل بیرسٹر علی ظفر نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی۔