Sunday, May 5, 2024

سینٹ اجلاس، فائبر آپٹکس پر ٹیکس ختم نہ کرنے پر فون کالز کی لوڈشیڈنگ کا عندیہ

سینٹ اجلاس، فائبر آپٹکس پر ٹیکس ختم نہ کرنے پر فون کالز کی لوڈشیڈنگ کا عندیہ
June 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - بجلی اور گیس کے بعد اب فون کالز کی بھی لوڈ شیڈنگ، فائبر آپٹکس پر ٹیکس ختم نہ کرنے پر مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی لوڈشیڈنگ کا عندیہ دیدیا گیا۔

سینٹ خزانہ کمیٹی اجلاس ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، قائمہ کمیٹی کو ٹیلی کام انڈسٹری کے نمائندوں نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ فائبر آپٹکس کی امپورٹ پر ایڈوانس ٹیکس کو 15 فیصد کر دیا گیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایڈوانس ٹیکس کو 8 فیصد کیا جائے۔

مزید بتایا کہ ٹیلی کام انڈسٹری کے آلات کو پر تعیش قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد امپورٹ ڈیوٹی کو 20 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ باہر سے فائبر آپٹکس منگوانا مشکل ہو گیا ہے۔

کمپنیوں کا کہنا ہے کہ مزید سختیوں کے بعد ہم دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے، مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی بھی لوڈشیڈنگ ہوگی۔ فائبر آپٹکس نہ بچھائی گئی تو لوگ اے ٹی ایم بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔

قائمہ کمیٹی نے فائبر آپٹکس کی امپورٹ پر ٹیکسز میں کمی کی سفارش کر دی۔