Saturday, September 21, 2024

شی جن پنگ کا دورہ، سعودی عرب اور چین کے درمیان مفاہمت کی 34 یادداشتوں پر دستخط

شی جن پنگ کا دورہ، سعودی عرب اور چین کے درمیان مفاہمت کی 34 یادداشتوں پر دستخط
December 8, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ سعودی عرب، سعودی عرب اور چین کے درمیان مفاہمت کی 34 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ خطے کی سیاست میں تبدیلی، عالمی بساط پر ہلچل مچ گئی۔ دنیا نے چینی صدر کے دورہ سعودی عرب پر نظریں جما لیں۔

چینی صدر شی جن پنگ 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ چینی صدر کے سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کرنے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ ریاض کے قصر الیمامہ پہنچے جہاں ایوان شاہی میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

کچھ دیر بعد شاہ سلمان اور چینی صدر کی سربراہی میں سعودی، چینی تعاون و ترقیات کانفرنس ہوئی۔ جس میں دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی ہے اور اربوں ڈالر کے 34 معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط کئے گے۔

دارالحکومت ریاض پہنچنے کے بعد چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب کے درمیان دوستی، شراکت داری اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے 32 سال گزرنے کے بعد دونوں فریقین نے افہام و تفہیم اور حمایت کا تبادلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب دارالحکومت ریاض میں عرب، چینی تعاون و ترقیاتی کانفرنس میں شرکت کے لیے عرب ممالک کے وفود ریاض پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جمعرات کو مصری صدر عبدل الفتح السیسی اور ان کا وفد سب سے پہلے پہنچنے والوں میں شامل تھے۔