Saturday, September 21, 2024

شاہد خاقان عباسی کی عمران خان کو مذاکرات کی دعوت

شاہد خاقان عباسی کی عمران خان کو مذاکرات کی دعوت
December 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت دیدی۔

 شاہد خاقان عباسی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا گالم گلوچ، دھمکیوں کی سیاست کر لی، اب مذاکرات بھی کر لیں۔ گالم گلوچ کے بعد بھی مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔ ڈیفالٹ کی صورتحال کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ سیاسی جماعتیں، اسٹیبلشمنٹ اور ملک کی جوڈیشری سب اس کے ذمہ دار ہیں۔ مشکل فیصلوں کے بغیر چیلنجز کا سامنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاعمران خان کو غم صرف اقتدار کھو جانے کا ہے۔ عمران خان کو اب بھی صرف اقتدار کی خواہش باقی ہے۔ ہم یہ خواہش اب کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان کی سیاست وہ تھی کہ رانا ثناءاللہ پر 15 کلو ہیروئن ڈالی گئی۔ پاکستان کی تاریخ میں بڑی گندی سیاست ہوئی ہے۔ یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ 15 کلو ہیروئن پر پھانسی دینے کی کوشش کی۔ اس شخص نے ہر بات جو کی ہے اس کے اندر جھوٹ ہے۔ یہ جھوٹ کی سیاست پاکستان کی ترقی کا سفر نہیں ہے۔ پچہتر سال کی تاریخ اٹھالیں جب بھی ترقی ہوئی نواز شریف کے دور میں ہوئی۔ اب بھی نواز شریف ہی ملک کی ترقی کیلئے سفر آگے بڑھائے گا۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک پیسے کا بھی کام نہیں ہوا۔ بارہ کہو بائی پاس میگا پراجیکٹ مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے۔

شاہد خاقان عباسی بولے پاکستان انتہائی مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے۔ معاشی بحران عمران خان کی چار سال کی غفلت کی مہربانی ہے۔ معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا۔ عمران خان اقتدار میں بیٹھے رہتے تو ملک تباہ کر دیتے۔ عمران خان نے گزشتہ آٹھ ماہ میں ایک بھی بات عوام کے لیے نہیں کی۔ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی، کسی کو گالی نہیں دی۔