Tuesday, April 30, 2024

پنجاب میں مہنگائی کے مارے عوام کیلئے فیئر پرائس شاپس قائم کرنے کی تجویز

پنجاب میں مہنگائی کے مارے عوام کیلئے فیئر پرائس شاپس قائم کرنے کی تجویز
May 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب میں مہنگائی کے مارے عوام کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ ایک ہزار فیئر پرائس شاپس قائم کرنے کی تجویز آ گئی۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کہتے ہیں آٹا، گھی اور چینی سستا کرکے عام آدمی کو حقیقی ریلیف فراہم کریں گے۔ عمران نیازی نے صرف سہانے خواب دکھائے، جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔ گرانفروشی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں دورے کر کے خود اشیائے خور ونوش کے نرخ چیک کروں گا۔ مہنگائی نےعام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ہماری ترجیح میں عوام کی خدمت کے سوا اور کچھ بھی شامل نہیں ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ افسران اور سرکاری اہلکار اللہ کی رضا کے لئے مہنگائی کوکم کرنے لئے اپنا بھرپور کر دار ادا کریں۔

اجلاس میں ارکان پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، اویس لغاری، ندیم کامران اور چودھری محمد اقبال نے شرکت کی۔ بلال یاسین ، رمضان صدیق بھٹی، عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔