Tuesday, April 30, 2024

پی ٹی آئی کا 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا پلان

پی ٹی آئی کا 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا پلان
October 17, 2016
اسلام آباد(92نیوز)  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان  سے پارٹی رہنمائوں کی بنی گالہ میں ملاقاتیں کیں اور اسلام آباد لاک پلان کی تاریخ دو نومبر طے کرنے پر مشاورت کی جبکہ  پی ٹی آئی کے  کورگروپ کا اجلاس کل سہ پہر طلب کرلیا گیا۔ کپتان نے 28 اکتوبر کو لال حویلی جلسے میں شرکت کی شیخ رشید کی دعوت بھی قبول کرلی۔ تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی  قیادت نے اسلام آباد لاک پلان کی تاریخ تبدیل کرنے کے لئے مشاورت شروع کردی ہے۔ بنی گالا میں ملاقاتوں کا تانتا بندھ گیا،عمران خان نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ آج لندن سے اسلام آباد پہنچنے والے جہانگیر ترین علیم خان کے ہمراہ بنی گالا پہنچ گئے۔ اسد عمر کی قیادت میں ٹاسک فورس بھی بنی گالا پہنچ  گئی۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں وفد نے بھی عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران عمران خان نے 30 اکتوبر کو اسلام آباد لاک پلان کی تاریخ پرمشاورت کی۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنمائوں کی اکثریت نے دو نومبر کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے۔ عمران خان  نےدھرنے کی تاریخ میں تبدیلی کے لیے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ کل بنی گالا میں کورگروپ اجلاس میں حتمی تاریخ کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی چھٹی ،سپریم کورٹ بار کے الیکشنز اور رائٹرز کانفرنس کے باعث اسلام لاک پلان میں تبدیلی کی جارہی ہے ۔ بعض پارٹی رہنمائوں  کی تجویز ہے کہ ماہ محرم میں احتجاج نہ کیا جائے۔ بعض رہنمائوں نے یکم نومبر کی تاریخ کی تجویز بھی دے رکھی ہےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی عمران خان سے ملاقات کی ہے ذرائع کے مطابق  شیخ رشید  نے کپتان کو 28 اکتوبر کو لال حویلی جلسے کی دعوت دیدی جسے انھوں نےقبول کرلیا ہے۔عمران خان 28 اکتوبر کو دوپہر دو بجے لال حویلی میں سیاسی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔