Saturday, September 21, 2024

پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں، مونس الہٰی

پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں، مونس الہٰی
December 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور ق لیگ کے رہنماء مونس الہٰی کا کہنا ہے پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں، جب تک اللہ کو منظور ہوگا کام کریں گے، اسمبلیوں سے استعفے دئیے تو بھی اپوزیشن کا حکومت بنانے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمران اسماعیل اور عامر کیانی نے ق لیگ کے رہنماء مونس الہٰی سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے لئے آئے، جب تک اللہ کو منظور ہوگا کام کریں گے، پنجاب حکومت عمران خان کی امانت ہے، جب چاہیں واپس لے لیں، انہوں نے کہا وضع دار لوگ ہیں جس کے ساتھ چلتے ہیں تو ساتھ نبھاتے بھی ہیں۔

چودھری مونس الہٰی نے مزید کہا عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، مدتوں بعد قوم کو ایسا رہنماء نصیب ہوا، اپوزیشن کا جم غفیر عمران خان کو دیکھ کر کانپ رہا ہے، اپوزیشن والے خوفزدہ ہیں کہ عمران خان اب کیا کرنے والے ہیں۔ مونس الہٰی نے کہا ہر موقع پرعمران خان کا ساتھ دیں گے، انہوں نے کہا اسمبلیوں سے استعفے دئیے تو بھی اپوزیشن کا حکومت بنانے کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔

اس موقع پر سابق گورنرِسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی ہمارے قابل قدر اتحادی ہیں، جن پر پورا اعتماد ہے، پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے ساتھ دے کر دل جیت لئے۔

پی ٹی آئی کے رہنماء عامر کیانی نے کہا ق لیگ اور پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوٹے گا۔