Saturday, September 21, 2024

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، سٹیفن ڈوجارک

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، سٹیفن ڈوجارک
December 10, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سٹیفن ڈوجارک کا کہنا ہے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔

سٹیفن ڈوجارک نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے مسائل پر بریفنگ دیتے یوئے بتایا موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے مسائل بڑھ گئے ۔ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ضروریات میں شدت آگئی ہے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر مزید وسائل کی ضرورت ہے۔

سٹیفن ڈوجارک نے کہا 20 ملین سے زیادہ لوگ انسانی امداد پر انحصار کر رہے ہیں ۔ کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں شروع ہو رہی ہیں۔ 47 لاکھ سے زیادہ سیلاب متاثرین تک امداد پہنچا چکے ہیں۔ تقریباً 26 لاکھ لوگوں کو خوراک کی امداد ملی ہے۔ ایک لاکھ 25 ہزار بچوں کی تعلیم کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد کی ۔

سٹیفن ڈوجارک کا کہنا تھا سیلابی علاقوں میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کے لیے اب بھی اسکول جانا ممکن نہیں ۔ ابھی تک 81 کروڑ 60لاکھ ڈالر کے فلڈ رسپانس پلان کا صرف 23 فیصد موصول ہوا ہے۔