Saturday, September 21, 2024

پاکستان کا افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

پاکستان کا افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
December 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ 

دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقے چمن میں شہری آبادی پر افغان بارڈر فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان بارڈر فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سرحد پر شہریوں کی حفاظت کرنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے، لہذا افغان حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے رابطے میں ہیں کہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔