Saturday, September 21, 2024

نون لیگ بھی جلد الیکشن کے آپشن سے پیچھے ہٹ گئی

نون لیگ بھی جلد الیکشن کے آپشن سے پیچھے ہٹ گئی
December 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - دو بڑے اتحادیوں کا دباؤ کام کر گیا۔ نون لیگ بھی جلد الیکشن کے آپشن سے پیچھے ہٹ گئی۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان قبل از انتخابات سے متعلق مذاکرات کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتوں کے دوران قبل از انتخابات کا مطالبہ کرتے رہے۔ حکومت کو آئندہ بجٹ پیش کرکے جولائی تک کی تاریخ دینے کی بھی پیشکش کی تاکہ عمران خان کو فیس سوینگ مل سکے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارٹی قائد نواز شریف اور اتحادیوں کو تحریک انصاف کے مطالبے بارے آگاہ کیا تو انہوں نے انکار کر دیا۔ پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام ف نے واضح کردیا کہ وہ قبل از وقت انتخابات پر راضی نہیں ہونگے۔ لیگی رہنماؤں خواجہ اصف، ایاز صادق اور سعد رفیق نے بھی اپوزیشن کے مطالبے کی مخالف کی۔ حکومتی ذرائع نے دعوی کیا کہ انتخابات آگے تو جا سکتے ہیں قبل از وقت نہیں ہو سکتے۔