Saturday, September 21, 2024

متنازعہ ٹویٹ کیس: پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

متنازعہ ٹویٹ کیس: پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
December 11, 2022 ویب ڈیسک

قمبر (92 نیوز) - متنازعہ ٹویٹ کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

گرفتار سینیٹر کو قمبر میں جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈ سول جج کے سامنے پیش کیا گیا، پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

سینیٹر اعظم سواتی کی پیشی کے وقت عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

اداروں اور افسران کے خلاف متنازع ٹوئٹ کے معاملہ پر سینیٹر اعظم سواتی کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں۔ کوئٹہ سے قمبرشہدادکوٹ پولیس کے حوالے کیے گئے اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ اینڈسول جج نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ اس سے پہلے اعظم سواتی کی پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماء سیف اللہ ابڑو اور کارکنان عدالت کے باہر موجود تھے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا اور پی ڈی ایم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

اعظم سواتی کے خلاف ضلع قمبر شہدادکوٹ کے دو تھانوں نصیر آباد اور وارہ میں متنازع ٹوئٹ کےحوالے سے مقدمات درج ہیں۔

اس سے قبل 9 دسمبر کو بلوچستان ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے میں درج پانچوں مقدمات ختم اور انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا تاہم ضلع قمبر شھداد کوٹ کی پولیس ٹیم کوئٹہ سے اعظم سواتی کو گرفتار کر کے سندھ لے گئی۔