Saturday, September 21, 2024

عمران خان جب کہیں گے، پرویز الہٰی اسمبلی تحلیل کردیں گے، فرخ حبیب

عمران خان جب کہیں گے، پرویز الہٰی اسمبلی تحلیل کردیں گے، فرخ حبیب
December 11, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب کہتے ہیں عمران خان جب کہیں گے، پرویز الہٰی اسمبلی تحلیل کردیں گے۔

اقبال اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے حکومت کو نشانے پر رکھ لیا، کہتے ہیں جب سے شریف خاندان کی نالائق حکومت آئی، ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور عمران خان کی ایک گھڑی کو مسئلہ بنا کر واویلا کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف پر سولہ ارب کا کرپشن کا کیس تھا، انہوں نے پاکستان کے قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر طبقہ پریشان ہے لیکن ان لاڈلوں کو حکومت چاہیے، لوگوں سے بجلی کے بل تک ادا کرنے کی سکت نہیں رہی، 88 فیصد عوام کہتے ہیں ملک صحیح سمت نہیں چل رہا، ہم اس نظام کا حصہ نہیں رہیں گے، پرویز الہٰی اپنی بات پر قائم ہیں جب عمران خان کہیں گے اسمبلی توڑ دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی بحران ختم ہوگا تو معاشی بحران ختم ہوگا، رانا ثناء اللہ کو چوہوں کی طرح بھاگنے نہیں دینا، رانا ثناء اللہ منشیات کیس میں ذمہ داری اے این ایف کی تھی اسی نے جرم ثابت کرنا تھا۔