Tuesday, April 30, 2024

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے بڑھ گئی

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے بڑھ گئی
January 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا کیسز پھر دن بدن بڑھنے لگے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے بڑھ گئی۔

8.16 کی شرح کے ساتھ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 286 نئے کیس سامنے آ گئے۔ کورونا مزید 4 مریضوں کی جان لے گیا۔ تشویشناک حالت میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی 709 ہو گئی۔

ادھر پشاور میں این سی او سی کی ہدایت اور کورونا ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے لالہ کلے، ناصر پور اور جھگڑا کے علاقوں میں صحت مراکز کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کورونا ویکسینیشن کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سٹاف کی حاضری بھی چیک کی۔ انہوں نے غیرحاضر سٹاف کو فوری معطل کرکے رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔