Saturday, September 21, 2024

ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم شہباز شریف
December 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپشن بڑی رکاوٹ ہے۔

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ نہ صرف شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ادارے کمزور اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم سب پاکستانی مل کر کرپشن سےجنگ میں سرخرو ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔ گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی بیان بازی کی بجائے اس کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ ملک سے کرپشن کی کمی کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، سماجی تحفظ اور معاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ قانون کی بالادستی یقینی بنانی ہوگی۔