مصباح الحق نے گرین کیپس کی قیادت کرنے کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا
دبئی(92نیوز)مرد بحران مصباح الحق نے ایک اعزاز حاصل کر لیا،مایہ ناز بلےباز نے سب سے زیادہ میچوں میں گرین کیپس کی قیادت کرنے کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق مصباح الحق نے سب سے زیادہ میچوں میں کپتانی کرنے کا عمران خان کا ملکی ریکارڈ برابر کر دیا۔ ابوظہبی میں جاری ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ مصباح کا بطور کپتان اڑتالیسواں ٹیسٹ ہے سابق کپتان عمران خان نے بھی اتنے ہی میچوں میں گرین کیپس کی قیادت کی تھی۔ مصباح کی کپتانی میں پاکستان نے اب تک تئیس میچ جیت رکھے ہیں عمران خان کی قیادت میں ٹیم نے چودہ میچ جیتے تھے۔ عمران خان کا ریکارڈ برابر کرنے پر مصباح نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان اگلے ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ میچوں میں ٹیم کی قیادت کرنے والے قائد بن جائیں گے۔